ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والا امریکا سے کاروبار نہیں کرسکے گا، ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والا امریکا سے کاروبار نہیں کرسکے گا، میں دنیا کے امن کے لئے بات کررہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایران کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ایران پر پابندیاں باضابطہ طور پر نافذ ہوگئیں، یہ ایران پر اب تک لگائی گئی سب سے سخت پابندیاں ہیں، نومبرمیں ان پابندیوں کو مزید سخت کیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کیساتھ کاروبار کرنے والا امریکا سے کاروبار نہیں کرسکے گا، میں دنیا کے امن کے لئے بات کررہا ہوں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے تھے، اقتصادی شعبے پر پابندیوں کا اطلاق آج ہوا، 5 نومبر کو توانائی اور تیل کی صنعتوں پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔

پابندیوں سے متعلق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے بعد ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات سنگین نتائج کے ہوں گے، ایران کو رویہ تبدیل کرکے عالمی طاقتوں سے دوبارہ مذاکرات کرنا ہوں گے، نئے معاہدے میں ایرانی حکومت کی تمام منفی سرگرمیوں کا مکمل احاطہ ہوگا۔

یورپی یونین کی جانب ایران پر پانبدیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس قسم کی اقتصادی پابندیوں کے خلاف ہے، ایران کے ساتھ اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔

ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران پر امریکی پابندیوں کے اعلان پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران پر پابندیاں لگا کر پچھتائے گا، ڈونلڈ ٹرمپ پر کبھی اعتماد نہیں کرسکتے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے