بغاوت کو شکست دے دی گئی ہے: پاسداران انقلاب

ایران کے پاسداران انقلاب کے سربراہ نے ملک میں جاری مظاہروں کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک میں ’بغاوت‘ کو شکست دے دی گئی ہے۔

پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے یہ اعلان اس وقت کیا جب حکومت مخالف مظاہروں کے خلاف حکومت کے حق میں ہزاروں افراد نے جلوس نکالے۔

حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ جمعرات سے جاری ہے جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان ہونے والی چھڑپوں میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
میجر جنرل جعفری نے اعلان میں کہا ’آج ہم کہہ سکتے ہیں کہ 96 کی بغاوت ختم کر دی گئی ہے‘

ان کا اشارہ فارسی کیلینڈر کی طرف تھا جس کے مطابق رواں سال 1396 ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’سکیورٹی کی تیاری اور لوگوں کی نگہبانی‘ کے باعث ’دشمنوں‘ کی شکست ہوئی اور تین صوبوں میں پاسداران انقلاب کے دستوں نے محدود پیمانے پر کارروائیاں کیں۔

’مظاہرے ہونے والی ہر جگہ پر 1500 افراد تھے اور ملک بھر میں مظاہرے کرنے والوں کی تعداد 15 ہزار سے زیادہ نہیں تھی۔‘

میجر جنرل جعفری نے انقلاب مخالف ایجنٹوں، بادشاہت پسند قوتوں پر الزام عائد کیا۔

’دشمنوں نے ایران میں ثقافتی، معاشی اور سکیورٹی خدشات پیدا کرنے کی کوشش کی۔‘

دوسری جانب ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ‘ملک کے دشمن’ اس احتجاج کو ہوا دے رہے ہیں۔

‘حالیہ دنوں میں ایران کے دشمنوں نے رقم، ہتھیار، سیاست اور خفیہ اداروں سمیت مختلف ہتھکنڈوں کو ایران میں حالات خراب کرنے کے لیے استعمال کیا ہے۔’

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے