دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے میں پاک فضائیہ شانہ بشانہ رہی، ایئرچیف مارشل

اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ بہت عزت کی بات ہے کہ چین کے نائب وزیراعظم تشریف لائے جب کہ پاکستان اورچین ہرمشکل میں ایک دوسرے کےساتھ ہیں۔

اسلام آباد میں پاک فضائیہ کی جانب سے ایئر شو منعقد کیا گیا جس میں پاکستانی، سعودی اور ترکی کے طیاروں نے شاندار کرتب دکھائے جب کہ تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین اور ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے اہم اور قابل فخر ہے کیوں پاکستان ایک نظریئے کے تحت حاصل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ ملک ہے جس کے پاس 2 جہاز نہیں تھے لیکن آج جے ایف تھنڈر کی صورت میں بہترین لڑاکا طیارے موجود ہیں جب کہ یہ ہمارا حق ہے اپنے جہازوں اور سپاہیوں کو فخر سے دیکھیں۔

دہشت گردی کے اکا دکا واقعات تکلیف کا باعث ہیں، ایئر چیف مارشل سہیل امان

ایئر چیف نے کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم قومی دن کے موقع پر پاکستان تشریف لائے  جو ہمارے لیے بہت عزت کی بات ہے، پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو بہت اچھے طریقے سے سمجھنے کی ضرورت ہے، فورسز نے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کا بیڑہ اٹھایا تو پاک فضایہ بھی اس میں قدم سے قدم ملا کر چلی اور یہ ہمارے پائلٹس کی مہارت ہے کہ دہشت گردوں کے انفراسٹراکچر کو ختم کردیا گیا۔

سہیل امان نے کہا کہ آج کے دن کچھ لوگوں کو بالکل نہیں بھول سکتے جنہوں نے ہمارے ساتھ چلتے چلتے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس سے بھی کہیں زیادہ وہ ہیں جو جسم کے اعضا کھوبیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرانہ حملے کرنا کوئی کمال کی بات نہیں، اب ان کا قلع قمع ہوا ہے لیکن اکا دکا حملے تکلیف کا باعث ہیں۔

ایئر چیف کا کہنا تھا کہ ترقی کے منزل طے کرنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ صرف واحد رستہ تعلیم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے