سپریم کورٹ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی جانب سے پٹیشن واپس لیے جانے کی بنیاد پر عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل پینچ نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

سماعت میں دانیال چوہدری نے اپنی پٹیشن واپس لے لی، جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔

یاد رہے 20 ستمبر کو سپریم کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کیا تھا، درخواست گذشتہ برس مسلم لیگ ن کے بیرسٹر دانیال چوہدری نے دائر کی تھی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے، عمران خان آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں۔

خیال رہے قومی اسمبلی سے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد 18 اگست کو عمران خان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ، صدر مملکت ممنون حسین نے حلف لیا تھا۔

بطور منتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ سب سے پہلے احتساب ہوگا، قوم کا مستقبل برباد کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، کسی ڈاکو کو این آر او نہیں ملے گا، مجھے کسی ڈکٹیٹر نے نہیں پالا، اپنے پیروں پر یہاں پہنچا ہوں۔ کرکٹ کی 250 سالہ تاریخ کا واحد کپتان ہوں جو نیوٹرل امپائر لایا۔

واضح رہے کہ25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے واضح اکثریت حاصل کی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے