فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی

لاہور: مسلسل سیاسی مداخلت کے باعث فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی۔

پاکستان میں گزشتہ 2 سال سے زائد عرصے سے جاری فٹ بال کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ حکومت اور فیڈریشن میں رسہ کشی نے فٹبال کی عالمی تنظیم کو پاکستان کی رکنیت معطل کرنے پر مجبور کردیا۔

فیفا کا کہنا ہے کہ فیڈریشن میں حکومتی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان میں فٹبال کا کنٹرول تسلیم شدہ باڈی کی حوالگی تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔

فیفاکے مطابق جب تک پاکستان فٹبال فیڈریشن میں سیاسی مداخلت بند نہیں ہوتی اس کی فیفا میں رکنیت بحال نہیں کی جائے گی۔

معطلی کے بعد پاکستانی کھلاڑی، کوچز اور دیگر اسٹاف کسی بھی عالمی سطح کی سرگرمی میں حصہ لینے کے اہل نہیں رہے۔ قومی فٹبال ٹیم فیڈریشن اورحکومتی جھگڑے کے سبب پہلے ہی 2 سال سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکی ہے۔

اس سے قبل فٹبال ورلڈ 2018 کا ٹرافی ٹور بھی پاکستان کو مل گیا تھا۔ ورلڈ کپ کی ٹرافی 3 فروری کو پاکستان آئے گی تاہم اگر تب تک فیفا کی پابندی ختم نہ ہوئی تو ٹرافی ٹور بھی منسوخ کردیا جائے گا۔

دوسری جانب فٹبال فیڈریشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں ٹرافی حاصل کرنے والا واحد ملک ہے لہٰذا حکومت فٹبال کے مفاد میں اپنی مداخلت ختم کرے

Share this on...Share on FacebookEmail this to someonePrint this page

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے