لاہور میں بارش سے نظام زندگی درہم برہم، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق

لاہور: شہر اور  گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے بعد نظام زندگی درہم برہم ہوگیا جب کہ مختلف واقعات میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

لاہور اور اس کے گردونواح میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کا سلسلہ اب بھی وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش کے باعث ریواز گارڈن میں بجلی کے تاروں سے کرنٹ لگنے کے نتیجے میں ریواز گارڈن چوکی کے ڈرائیور امانت اور رضاکار شاہ زیب جاں بحق ہو گئے۔

قرطبہ چوک پر موٹر سائیکل پر سوار اکبر نامی نوجوان بجلی کے تاروں سے چھو جانے جبکہ چائنا اسکیم میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

گمٹی بازار میں ایک جوتوں بنانے کے کارخانے کی چھت گرنے سے 2 مزدور جاں بحق ہوئے۔

بارش کے باعث مختلف واقعات میں زخمی ہونے والے 10 افراد مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

لاہور میں اب تک 252 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں صبح سے اب تک 252 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے جہاں  واسا ہیڈ آفس میں 183، اپرمال میں 180، مغل پورہ میں 185 اور تاج پورہ میں 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

اس کے علاوہ مصری شاہ 216، سمن آباد 162، پانی والا تالاب 210، اقبال ٹاؤن 171، گلشن راوی 163، نشتر ٹاؤن 183، جوہر ٹاؤن 84، لکشمی چوک 243، پنجاب یونیورسٹی 129 اور میٹ آفس جیل روڈ پر 170 جب کہ میٹ آفس ائیرپورٹ پر 135 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

گذشتہ شمارے